چاند گہن اور سورج گہن

قدرت کی دو عظیم نشانیاں چاند گہن اور سورج گہن


 محمد حبیب اللہ بیگ ازہری

 2021-3-2


جب ہم آسمان کی طرف دیکھتے ہیں تو ہمیں چاند، سورج اور ستارے نظر آتے ہیں، ستارے چھوٹے ہوتے ہیں، دور ہوتے ہیں اور کثیر تعداد میں ہوتے ہیں، اسی لیے ان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے ہم بے خبر ہوتے ہیں، جب کہ ان کے بالمقابل چاند وسورج ہم سے قریب ہوتے ہیں، بڑے ہوتے ہیں، اور ہم انھی کو دیکھ کر اپنی صبح وشام کا تعین کرتے ہیں، دن ورات کا اندازہ لگاتے ہیں، اور ماہ وسال کا حساب رکھتے ہیں، اسی لیے ہمیں چاند وسورج سے متعلق امور کو جاننے سے خاصی دلچسپی ہوتی ہے، تو آئیے ہم اپنے چاند وسورج سے متعلق ایک اہم انقلاب کا تذکرہ کرتے ہیں، جسے عرف عام میں چاند گہن اور سورج گہن سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

   سورج گہن اور چاند گہن

چاند وسورج ہمیشہ گردش میں رہتے ہیں، اور ایک دوسرے کی مخالف سمت میں گردش کرتے ہیں، چاند ہمیشہ مغرب سے مشرق کی طرف حرکت کرتا ہے، جب کہ سورج مشرق سے مغرب طرف حرکت کرتا ہے، اسی سفر کے دوران کبھی ایسا بھی ہوتا ہے چاند، سورج اور زمین ایک سیدھ میں آجاتے ہیں، اور درمیانی سیارہ سورج کی روشنی کی راہ میں حائل ہوجاتا ہے، جس کے باعث چاند یا سورج گہری تاریکی میں ڈوب جاتے ہیں، اسی کو اہل زمین چاند گہن یا سورج سے تعبیر کرتے ہیں۔

        چاند گہن

جب چاند، سورج اور زمین ایک سیدھ میں جمع ہو جاتے ہیں، اور چاند وسورج کے درمیان زمین حائل ہوجاتی ہے تو سورج کی ساری شعائیں زمین پر مرکوز ہوجاتی ہیں، اور زمین کا سایہ براہ راست چاند پڑتا ہے، جس کے بہ سبب چمکتا دمکتا چاند تاریک ہوجاتا ہے، اور زمین سے دیکھنے والوں کو سیاہ نظر آتا ہے، اسی کو چاند گہن کہتے ہیں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سال میں کم ازکم ایک بار اور زیادہ سے زیادہ چار بار چاند کو گرہن لگ سکتا ہے، موسم اور وقت کے لحاظ سے اس کا دورانیہ بدلتا رہتا ہے، یہ عموما ایک گھنٹہ چالیس منٹ کا ہوتا ہے، کیوں کہ چاند اپنے گرہن کے دوران فی سیکنڈ ایک کیلو میٹر کی رفتار سے حرکت کرتا ہے، اس لیے چاند کو زمین کے سائے کے حدود سے باہر نکلتے نکلتے اچھا خاصا وقت لگ جاتا ہے، مزید یہ کہ کبھی چاند کی پوری سطح گہن آلود ہوجاتی ہے، ایسی صورت میں چاند بالکل سیاہ دکھائی دیتا ہے، اور کبھی چاند کا کوئی ایک گوشہ گرہن آلود ہوتا ہے، باقی حصہ زمین کے سائے کے دائرے سے باہر رہتا ہے، ایسی صورت میں چاند سرخ نظر آتا ہے، چاند گرہن کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ چاند وسورج کے درمیان زمین حائل ہوجاتی ہے، جس کے بہ سبب زمین پر رہنے والوں کو چاند روشن نظر نہیں آتا، اس سے یہ سمجھ میں آتا ہے کہ چاند گرہن کے وقت اگر کوئی چاند کی سطح سے سورج کو دیکھے تو چاند وسورج کے درمیان زمین حائل ہوجانے کی وجہ سے سورج گرہن نظر آئے گا۔

          سورج گہن

جب چاند، سورج اور زمین ایک سیدھ میں جمع ہو جاتے ہیں، سورج اور زمین کے درمیان چاند حائل ہوجاتا ہے تو چاند کے پیچھے سورج کی شعاعیں محجوب ہوجاتی ہیں، اور سورج سیاہ نظر آنے لگتا ہے، اسی کو عرف عام میں سورج گہن کہتے ہیں۔
واضح رہے کہ چاند، زمین کے تقریباً ایک چوتھائی حصہ کے برابر ہے، اور سورج زمین سے ایک سو نو گنا بڑا ہے، اس طرح سورج، چاند سے کم وبیش چار سو گنا بڑا ہے، ظاہر سی بات ہے کہ سورج سے چار سو گنا چھوٹا سیارہ سورج کی کرنوں کو بآسانی محجوب نہیں کرسکتا، اسی لیے سورج گرہن کی مختلف شکلیں بن جاتی ہیں۔
کبھی چاند، سورج سے اتنی مناسب دوری پر ہوتا ہے کہ چھوٹا سا چاند پورے سورج کو چھپالیتا ہے، لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے، اسے کسوف کلی یا مکمل گرہن کہتے ہیں، کبھی کسی چاند، سورج کے ایک گوشے کو چھپاتا ہے، اسے کسوف جزئی یا ناقص گہن کہتے ہیں، اور کبھی چاند، سورج کے درمیانی حصے کو چھپالیتا ہے، اور کنارے حسب سابق روشن رہ جاتے ہیں، اسے کسوف حلقی یا دائری گہن کہتے ہیں۔
سورج گہن کا دورانیہ بہت طویل نہیں ہوتا، کامل گرہن تو نادر ہے، البتہ سال میں دو تین دفعہ ناقص اور دائری گہن لگتا ہے، ناقص گہن عموما سات منٹ اڑتالیس سیکنڈ کا ہوتا ہے، جب کہ دائری گہن بارہ منٹ چوبیس سیکنڈ کا ہوتا ہے، پھر سورج مغرب کی طرف اور چاند مشرق کی طرف روانہ ہوجاتا ہے، اور سورج گہن ختم ہوجاتا ہے۔
چاند گہن اور سورج گرہن کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
 إِنَّ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ آيَتَانِ مِنْ آيَاتِ اللهِ، لَا يَخسِفَانِ لِمَوْتِ أَحَدٍ، وَلَا لِحَيَاتِهِ، فَإِذَا رَأَيْتُمُ فَاذكروا الله۔ (أخرجه البخاري)
     چاند وسورج اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں، کسی کی ولادت یا موت کی وجہ سے چاند وسورج کو گہن نہیں لگتا، لہذا جب تم گہن دیکھو تو اللہ کا ذکر کرو۔
نوٹ : اس مقالے کے لیے میں نے ڈاکٹر زغلول نجار صاحب قبلہ کی تفسیر الآیات الکونية اور ڈاکٹر عبد الدائم الکحیل صاحب قبلہ کی موسوعة الكحيل سے استفادہ کیا ہے۔ 

فجزاهما الله خير الجزاء.

 انوار القرآن ٹرسٹ، مچھلی پٹنم، اے پی۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی

Recent in Recipes